اردو بلاگرز کانفرنس 2013ء لاہور پاکستان کے سیشن ”چند اردو بلاگرز اور ان کی بلاگنگ کا تعارف انہیں کی زبانی“ میں جس اردو بلاگر کی خواہش ہو اسے شامل کیا جا سکتا ہے لہٰذا اگر آپ شامل ہونا چاہتے ہیں تو انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ ہر بلاگر کے پاس دس منٹ ہونگے جس میں وہ اپنا اور اپنی بلاگنگ کا تعارف پیش کرے گا کہ وہ کون ہے، پیشے کے اعتبار سے کیا کرتا ہے، کس علاقے میں رہتا ہے، اس نے کب، کیوں اور کن حالات میں بلاگنگ شروع کی اور اسے بلاگنگ شروع کرنے میں کن مشکلات کا سامنا رہا۔ مزید وہ بلاگنگ کر کے کیا ثابت کرنا چاہتا ہے اور بلاگنگ کے متعلق اس کی منزل کیا ہے وغیرہ وغیرہ۔

ہم امید کرتے ہیں کہ آپ میں سے چند ایسے اردو بلاگرز ضرور سامنے آئیں گے جو  اس سلسلے میں شامل ہو کر اپنے تعارف و تجربات سے لوگوں کو بخوبی آگاہ کریں گے۔ اگر آپ خود شامل نہیں ہو سکتے مگر کسی دوسرے اردو بلاگر اور اس کی بلاگنگ کا تعارف جاننے کے خواہش مند ہیں اور چاہتے ہیں کہ فلاں بلاگر اس سلسلے میں شامل ہو تو ہمیں ایسے بلاگر کا نام اور بلاگ کا لنک کمنٹ یا رابطہ کر کے بتائیں۔ ہماری کوشش ہو گی ہر ممکن اس بلاگر کو اس سلسلے میں شامل کیا جا سکے۔
شرائط و ضوابط

  • اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ دس اردو بلاگرز شامل ہو سکیں گے۔
  • ہر بلاگر کو کم از کم دس منٹ دیئے جائیں گے اور اگر اس سلسلے کے لئے دس سے کم بلاگرز ہوئے تو پھر وقت بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
  • پرانے اور مستقل بلاگرز کو ترجیح دی جائے گی۔
  • فتنہ فساد، کسی بھی مذہب کی توہین کرنے اور تعصب پھیلانے والے بلاگر کو اس سلسلے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
  • بلاگر اور اس کے بلاگ کی جانچ پڑتال کے بعد اس سلسلے میں شریک کرنے کے فیصلے کا مکمل حق اردو بلاگ فورم کی انتظامیہ اور مشاورتی کونسل کے پاس ہو گا اور اس فیصلے کو کسی عدالت یا فورم وغیرہ میں چیلنچ نہیں کیا جا سکے گا۔