دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے رجسٹریشن کروانے والوں کودعوت نامے بذریعہ ای میل بھیج دیئے گئے ہیں۔ جن احباب نے دعوت نامہ کے جواب میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے انہیں کانفرنس کا شمولیت نمبر اور ساتھ مزید تفصیل بذریعہ ای میل بھیج دی گئی ہے۔ جن احباب نے رجسٹریشن کروائی تھی مگر انہیں دعوت نامہ نہیں ملا وہ فوراً انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ اس کے علاوہ جنہوں نے دعوت نامہ کے جواب میں اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے مگر انہیں ابھی تک شمولیت نمبر اور دیگر تفصیل نہیں ملی وہ بھی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔
لاہور میں کانفرنس کا مقام ایک دو دن کے اندر اندر آپ کو ہماری ویب سائیٹ سے معلوم ہو جائے گا، مزید کانفرنس کی لائیو سٹریمنگ کی معلومات بھی کانفرنس کے آغاز پر ہماری ویب سائیٹ سے مل جائے گی۔ فی الحال چند ضروری تفصیلات یہ ہیں۔

  • دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس 26 اور 27 جنوری 2013ء کو لاہور پاکستان میں منعقد ہو گی۔
  • تمام شرکاء 26 جنوری 2013ء بروز ہفتہ صبح 09:00 سے 10:00 تک استقبالیہ پر آپ اپنا شمولیت نمبر بتا کر شمولیت کارڈ حاصل کر کے کانفرنس میں شریک ہو سکیں گے۔
  • 10:00 بجے کانفرنس کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔
  • اس کے بعد دوپہر کو ریفریشمنٹ ہو گی۔
  • ریفریشمنٹ کے بعد دوسرا سیشن ہو گا۔
  • پانچ بجے کے قریب کانفرنس کا پہلا روز اختتام پذیر ہو گا۔
  • دوسرے دن صبح 9 بجے آغاز ہو گا۔
  • دوپہر کو ریفریشمنٹ۔
  • ریفریشمنٹ کے بعد کانفرنس کا آخری سیشن ہو گا اور کانفرنس اختتام پذیر ہو گی۔

کانفرنس میں درج ذیل موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔

  • بلاگ کیا ہے اور اردو بلاگنگ کا پس منظر
  • چند اردو بلاگرز اور ان کی بلاگنگ کا تعارف انہیں کی زبانی
  • اردو لکھنے اور بلاگ شروع کرنے کے متعلق تکنیکی ورکشاپ اور سوال و جواب
  • بین الاقوامی بلاگنگ کس سمت جا رہی ہے اور کیا کیا تبدیلیاں لا رہی ہے
  • پاکستانی اور بین الاقوامی بلاگنگ میں فرق
  • پاکستانی بلاگرز کو پاکستان کی ترقی کے لئے کیا کرنا چاہئے
  • بلاگیئے! ذرا پیار سے۔ اس میں شرکاء بلاگرز کسی موضوع پر یا کانفرنس کی ہی کاروائی پر فوری پوسٹ اپنے اپنے بلاگ پر شائع کریں گے
  • ذاتی بلاگنگ کی ترقی اور بلاگ کے مواد کے لئے تحقیق کا طریقہ کار
  • اردو بلاگز کو مین سٹریم میڈیا میں اہمیت کیسے حاصل ہو گی
  • بلاگ کی مارکیٹنگ اور بلاگ کے ذریعے پیسے کمانے پر بات چیت
  • اردو زبان اور اردو بلاگنگ کی اہمیت
  • اردو بلاگنگ کے لئے کام کرنے والوں کو اعزازی شیلڈز اور اسناد
  • قرار داد: گریجوایشن تک اردو لازمی ہونی چاہئے اور کمپیوٹر کی تعلیم میں اردو کمپیوٹنگ کا مضمون ضرور ہونا چاہئے۔ شرکاء کے دستخط اور تمام تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیز کو اس کی کاپی بھیجی جائے گی
  • زیادہ تر موضوعات پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہو گا
  • شرکاء سے گپ شپ، رابطے اور تعلقات عامہ

یہ اب تک کے موضوعات ہیں جن میں تھوڑی بہت تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔ کانفرنس میں تشریف لائیں اور اردو بلاگنگ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔