پہلے تحاریر کی اشاعت کے چند ذرائع جیسے اخبار یا رسائل وغیرہ ہی تھے۔ اخبارات یا رسائل میں تحریر چھپوانا بھی اتنا آسان عمل نہیں تھا۔ مگر بلاگ کے وجود آنے پر لکھنے والوں کے لئے بہت آسانی ہوئی۔ اب نہ اخبارات کے ایڈیٹرز کی منت سماجت کرنی پڑتی ہے اور نہ ہی سفارشات کی ضرورت ہے۔ بس لکھاری اپنا بلاگ بنائے اور اپنی آواز پوری دنیا تک پہنچا دے۔ شاید اسی لئے آج کل پوری دنیا میں بلاگنگ کا طوطی بولتا ہے۔ مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں دیگر شعبوں کی طرح اردو بلاگرز پر بھی کوئی توجہ نہیں۔ لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا کہ اردو بلاگرز کی ترقی و ترویج کے لئے کچھ عملی اقدامات کرنے چاہیئں۔

کسی تہذیب و ثقافت کا اصل ستون زبان ہوتی ہے۔ خدانخواستہ اگر ہماری زبان نہ رہی تو ہماری تہذیب رہے گی نہ ثقافت۔ اگر ہمیں اپنی تہذیب و ثقافت بچانی ہے تو پھر ہمیں ”اردو“ کی ترقی کی طرف دیوانہ وار بڑھنا ہو گا۔ آج انٹرنیٹ کا دور ہے اور وہی زبانیں زندہ رہیں گی جو انٹرنیٹ پر لکھی جائیں گی۔ اردو بلاگنگ کے ذریعے آسانی سے انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج ہو سکتی ہے اور اردو بلاگرز زبان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر پاکستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو بڑے بڑے شہروں سے لے کر دیہاتوں تک عوام کی اکثریت اردو لکھتی، بولتی اور سمجھتی ہے۔ ایسے حالات میں اردو بلاگرز ہی پاکستان کی اصل آواز ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو پاکستان کے نوے فیصد جھوٹے جھوٹے مسائل جو بڑی بڑی خرابیوں کو جنم دیتے ہیں وہ دیہاتوں یا چھوٹے شہروں میں ہیں۔ ان مسائل پر حکومت اور اخبارات کوئی خاص توجہ نہیں دیتے۔ اگر یہی چھوٹے چھوٹے مسائل حل کر دیئے جائیں تو عوام خوشحال ہو سکتی ہے۔ اردو بلاگنگ کے ذریعے تعلیم، غربت اور جہالت وغیرہ کے یہ مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ حتی کہ اردو بلاگنگ کے ذریعے دور دراز دیہات میں بیٹھے لوگ بھی ”دیہی صحافت“ کرتے ہوئے اپنی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچا سکتے ہیں۔

مندرجہ بالا باتوں کی وجہ سے اردو بلاگ فورم کے قیام کا پہلا اور آخری مقصد صرف اور صرف اردو بلاگرز اور اردو بلاگنگ کی ترقی و ترویج ہے۔ ہمارے اغراض و مقاصد کی تفصیل یعنی فی الوقت ہمارے کیا ارادے ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

  • انٹرنیٹ کے اس دور میں جو لوگ اردو بلاگنگ کے لئے کام کر رہے ہیں اور جو اردو بلاگنگ کے ذریعے زبان کو زندہ رکھے ہوئے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا۔
  • اردو بلاگرز اور بلاگنگ کو درپیش مشکلات اور مسائل کا سدِ باب کرنا۔
  • کم از کم سالانہ تربیتی پروگرام، میلہ یا کانفرنس وغیرہ کا انعقاد کرنا۔ جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین، اردو بلاگرز اور بلاگنگ میں دلچسپی رکھنے والے مل بیٹھیں تاکہ ایک دوسرے سے سیکھ کر بہتر سے بہتر انداز میں بلاگنگ کر سکیں۔
  • اچھا لکھنے والے اردو بلاگرز کو ”مین سٹریم میڈیا“ میں لکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنا۔
  • اردو بلاگنگ کے لئے ایسے اقدامات کرنا جس کے ذریعے اردو بلاگرز پاکستان اور اردو زبان کے حوالے سے عالمی منظرنامہ پر اہمیت حاصل کر سکیں۔

ہم سے جو بن پڑا وہ ضرور کریں گے بلکہ ہم سب مل کر بہتر سے بہتر کریں گے۔ آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔