27-26 جنوری 2013ء کو ہم پہلی دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس لاہور پاکستان میں منعقد کروانے جا رہے ہیں۔ جلد ہی کانفرنس کی حتمی شکل آپ کے سامنے پیش کر دی جائے گی۔ اس پوسٹ کے ذریعے تمام احباب کو یہ اطلاع دینی ہے کہ ہم کانفرنس کے حوالے سے ہی ایک خصوصی میگزین کی صورت میں ”اردو بلاگنگ گائیڈ“ شائع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس میگزین میں جہاں اردو بلاگنگ کے متعلق دیگر مواد ہو گا وہیں پر چند اردو بلاگرز کی ایک ایک تحریر شائع کی جائے گی۔ جیسے کسی مصور کی مصوری میں کوئی شاہکار یعنی ”ماسٹرپیس“ ہوتا ہے بالکل ایسے اردو بلاگرز کی تحاریر میں جو ماسٹرپیس ہیں وہ میگزین میں شائع کیے جائیں گے۔

تمام اردو بلاگرز اپنی اب تک کی تحاریر میں سے کسی ایک ”ماسٹرپیس“ تحریر کا لنک جلد سے جلد اردو بلاگرز کی تحاریر کے شاہکار والے فارم کے ذریعے بھیج دیں۔ تحریر بھیجنے کی آخری تاریخ پانچ جنوری 2013ء ہے۔

درکار معلومات

  • تحریر کا لنک
  • بلاگ کا عنوان
  • بلاگر کا نام (کسی ادارے یا گروپ کا بلاگ ہونے کی صورت میں ادارے یا گروپ کا نام)
  • ای میل

شرائط و ضوابط

  • تحریر ”اردو“ میں ہونی چاہیئے نہ کہ گرافک یا رومن میں۔
  • تحریر ہر قسم کے تعصب سے پاک ہونی چاہئے۔
  • تحریر اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر لکھی گئی ہو اور ہر قسم کی گالی گلوچ سے پاک ہو۔
  • شرائط و ضوابط اور اس سلسلے کے لئے میگزین میں مختص کردہ صفحات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کون کون سی تحریر میگزین میں شائع ہو گی اس کا فیصلہ اردو بلاگ فورم کی انتظامیہ میرٹ پر کرے گی۔
  • حتمی فیصلے کے تمام اختیارات اردو بلاگ فورم کی انتظامیہ کے پاس ہونگے۔

معلومات موصول ہونے پر آپ کو رسید کے طور پر جوابی پیغام مل جائے گا۔ ہو سکتا ہے کچھ احباب کو شرائط و ضوابط پر اعتراض ہو مگر اردو بلاگ فورم اردو بلاگرز اور اردو بلاگنگ کی بہتر سے بہتر ترقی و ترویج کی وجہ سے مجبور ہے۔

ہم باہمی مشاورت کے قائل ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ کہیں پر اردو بلاگ فورم سے کچھ غلط ہو رہا ہے تو دلیل اور حوالے سے بات کریں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ اکثریت کی رائے کا احترام کیا جائے۔ آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔