27-26 جنوری 2013ء کو لاہور پاکستان میں پہلی دو روزہ بین الاقوامی اردو بلاگرز کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں اردو بلاگنگ سے دلچسپی رکھنے والا ہر خاص و عام شرکت کر سکتا ہے، مگر شرکت کے لئے رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے بعد اردو بلاگ فورم کی طرف سے دعوت نامہ ضروری ہے۔ لاہور میں کانفرنس کے مقام اور دیگر کاموں کی حتمی صورت جلد ہی آپ کے سامنے ہو گی۔ جبکہ شمولیت کے لئے رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 جنوری 2013ء ہے۔

یہ کانفرنس منعقد کروانے کے اغراض و مقاصد صرف اور صرف اردو بلاگرز اور اردو بلاگنگ کی ترقی و ترویج ہیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ مل بیٹھیں گے تو ایک دوسرے سے سیکھیں گے۔ خاص طور پر جب اردو بلاگرز ایک دوسرے سے ملیں گے تو دوستیاں بڑھیں گی، نئے نئے آئیڈیاز سامنے آئیں گے وغیرہ وغیرہ۔ انہیں باتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم نے سوچا کہ ایک دن میں اردو بلاگنگ سے متعلق سارے موضوعات و معاملات کا احاطہ آسانی سے ممکن نہیں اس لئے کانفرنس دو روزہ ہونی چاہئے۔ یوں تو کانفرنس میں ہونے والی بات چیت اور کاموں کا حتمی اعلان بعد میں کیا جائے مگر فی الحال اتنا بتا دیتے ہیں کہ اردو اور بلاگنگ سے تعلق رکھنے والے چند ماہر لوگ بھی شرکت کریں گے۔ان کے علاوہ مختلف بین الاقوامی اداروں سے وابستہ بلاگرز بھی آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے یا باقاعدہ شرکت کر کے خطاب کریں گے۔ چند اردو بلاگرز اپنی بلاگنگ اور خاص طور پر اردو بلاگنگ پر کچھ بات چیت یا پریزنٹیشن وغیرہ دیں گے۔ ماہرین سے سوال و جواب کی نشت ہو گی اور ہو سکتا ہے کہ اردو بلاگنگ کے متعلق چھوٹی موٹی ورکشاپ بھی ہو۔ پہلا دن اسی طرح کی رسمی گفتگوں اور کاموں پر تمام ہو جائے گا۔ دوسرا دن غیر رسمی ملاقات اور گفتگو وغیرہ کا ہو گا۔

یوں تو کانفرنس کا ایجنڈا فی الحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا اور اس بارے میں بات چیت جاری ہے مگر ہمارا خیال ہے کہ ”بلاگرز دنیا بدل رہے ہیں مگر اردو بلاگرز پیچھے کیوں؟“ایجنڈا ہونا چاہئے۔ بہر حال ایجنڈے اور دیگر باتوں پر آپ کی رائے کا انتظار رہے گا تاکہ ہم اور تمام اردو بلاگرز مل کر ایک بہترین پروگرام ترتیب دے سکیں۔

کانفرنس کے حوالے سے ہی ایک میگزین نما ”اردو بلاگنگ گائیڈ“ شائع کی جائے گی۔ اس میگزین میں اردو بلاگنگ شروع کرنے کے متعلق تکنیکی اور دیگر مواد شامل ہونے کے ساتھ ساتھ چند اردو بلاگرز کی تحاریر سے ”ماسٹر پیس“ تحریر منتخب کر کے شامل کی جائے گی۔ مزید اس میگزین میں ”اردو بلاگز ڈائریکٹری“ بھی ہو گی۔

ان باتوں کے علاوہ مزید کئی چیزیں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کیونکہ یہ دو روزہ کانفرنس ہے اس لئے ضلع لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں سے شرکت کرنے والے ”اردو بلاگرز“ کے قیام و طعام کی ذمہ داری اردو بلاگ فورم پر ہو گی۔

کئی لوگ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر اتنا سب کیوں کیا جا رہا ہے اور اس سب کے پیچھے ضرور کوئی نہ کوئی وجہ ہو گی؟ جی بالکل وجہ ہے۔ وجہ یہ ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے دو طنزیہ سوالوں سے بچنا چاہتے ہیں۔ ایک یہ کہ جب ہمارے بچے پوچھیں گے کہ ”بزرگو! کیا ہماری اپنی بھی کوئی زبان ہے؟“ دوسرا ”دنیا بلاگنگ کی زور پر تبدیلی لے آئی مگر آپ لوگ کیوں سوتے رہے؟“ بس ہماری کوشش ہے کہ ہم کچھ نہ کچھ کر جائیں اور ہماری آنے والی نسلیں ہمیں یہ سوال ہی نہ کر سکیں۔

آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔